Reiki for health care and well-being, Reiki training classes in Urdu and English, Reiki Master/Teacher Muhammad Akram Khan in Lahore, Pakistan

ریکی کیا ہے؟

ریکی قدرتی توانائی کے استعمال پر مبنی ایک تکنیک ہے جسے نہ صرف جسمانی بیماریوں اور نفسیاتی تکالیف کے علاج کے لئے استعمال کیا جاتا ہے بلکہ اس سے اور بھی بہت سے مثبت کام لئے جاتے ہیں۔ مغربی ممالک میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد اسے اپنے ذہنی سکون، تعلقات کی بہتری اور بچوں کی بہتر نشوونما وغیرہ کے لئے سیکھتی اور استعمال کرتی ہے۔

لفظ ریکی اصل میں دو جاپانی الفاظ کا مجموعہ ہے۔ اس کا تلفظ 'رے' اور'کی' کو ملا کر 'رے کی' ہے جسے عام طور پر 'ریکی' لکھا جاتاہے۔ 'ر' کے نیچے زیر نہیں ہے۔ پہلے حّصے یعنی 'رے' کا مطلب یوں تو کافی وسیع ہے اور اس کے کئی معانی مثلاً روحانی، کائناتی، بلندترین اور پُر اسرار طاقت وغیرہ ہوتے ہیں مگر یہاں پر اس سے مراد کائناتی یا قدرتی کے لئے جاتے ہیں۔ دوسرے حّصے یعنی 'کی' کا مطلب قوّتِ حیات یا زندگی بخش توانائی لیا جاتا ہے۔ اس طرح ریکی کا مطلب کائناتی یا قدرتی قوّتِ حیات بنتا ہے۔ یہ نام ڈاکٹر مکاؤ یسُوئی نے ہی اپنے دریافت کردہ قدرتی طریقہ علاج کو دیا تھا۔

ریکی ایک نظر نہ آنے والی غیرمادّی توانائی ہے اور ہر ذی روح میں پیدائشی طور پر موجود ہوتی ہے مگر اس سے مراد روح نہیں ہے جو کہ ایک بالکل الگ چیز ہے۔ اگر یہ توانائی کمزور پڑ جائے تو آدمی بیمار پڑ جاتا ہے اور اگر یہ بالکل ختم ہو جائے تو موت واقع ہو جاتی ہے یعنی اس کی موجودگی زندگی ہے جبکہ اس کی عدم موجودگی موت۔ اس طریقہ علاج کا تصّور دوسری تہذیبوں میں بھی موجود ہے لیکن سب سے زیادہ مثہور چینی نام 'چی' ہے۔ اس توانائی کو علاج معالجے کے لئے اپنی مرضی سے استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے کسی ریکی ٹیچر سے درست طریقہ سیکھنا ضروری ہوتا ہے ورنہ اسے اپنی مرضی سے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ریکی کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے علاج کے لئے بیماری کی وجہ معلوم ہونا ضروری نہیں ہے۔ ریکی خود بخود وجہ تک پہنچ کر علاج کرتی ہے۔

ایک نظریے کے مطابق انسان کے جسم کی کئی بنیادی توانائیوں میں سے ریکی کا درجہ سب سے بلند ہے۔ یہ نہ صرف اپنا کام کرتی ہے بلکہ باقی توانائیوں کو کنٹرول اور متوازن بھی کرتی ہے۔ ریکی کے درست استعمال سے نہ صرف صحت میں بہتری لائی جا سکتی ہے بلکہ اس سے اور بھی بہت سے مثبت کام لئے جا سکتے ہیں۔  اس سے فائدہ اٹھانا استعمال کرنے والے کی سمجھ اور مہارت پر منحصر ہوتا ہے جو پریکٹس کے ساتھ آتی ہے۔

یاد رہے کہ ریکی کا مقصد کسی کا ذہن کنٹرول کرنا نہیں ہے اور نہ ہی اس سے کوئی منفی کام لیا جا سکتا ہے۔ یہ ایک خالصتاً مثبت توانائی ہے جسے مادّی، ذہنی اور روحانی ارتقأ کے لئے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے لیکن کسی کو نقصان پہنچانے کے لئے ہر گز استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

ریکی کے بارے میں کتابوں میں اور انٹرنیٹ پر بھی کافی کچھ لکھا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود یہ غلط فہمی عام پائی جاتی ہے کہ ریکی توانائی کے ذریعے صرف بیماریوں کے علاج کا ایک طریقہ ہے جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ریکی اس سے بہت آگے کی چیز ہے، کافی وسیع علم ہے اور محض بیماریوں کے علاج تک محدود نہیں ہے۔ صرف ایک سوال کے جواب کے لئے کہ 'ریکی کیا ہے؟' بہت سے صفحے درکار ہوں گے۔ یہاں اتنی تفصیل کا موقع نہیں ہے لہٰذا مختصر بات ہی لکھی گئی ہے۔

اگر آپ کو یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کے ساتھ شیئر کیجئے