Reiki for Self Care – ذاتی بہتری کے لئے ریکی کا استعمال

اچھی صحت محض جسمانی صحت کا نام نہیں ہے۔ ذاتی ارتقاء کے لئے انسان کی ذہنی صحت اور آسودگی بھی بہت ضروری ہوتی ہے۔ انسان اگر ذہنی طور پر پُرسکون ہو گا تو اس کی طبیعت میں ایک طرح کا ٹھہراؤ ہو گا، معاملات کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت ہو گی اور اپنا ہر کام زیادہ خود اعتمادی کے ساتھ کر سکے گا۔ دوسری صورت میں اس کی کارکردگی پر شائد بہت سے سوالیہ نشان لگ سکتے ہیں۔

ریکی کے بہت سے فائدے ہیں۔ اس سے نہ صرف انسان خود فیض یاب ہو سکتا ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر دوسروں کی مدد بھی کر سکتا ہے۔ ریکی ایک ایسا طریقہ ہے جسے کہیں بھی اور کسی بھی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہے اور ضرورت کے مطابق مختلف تکنیک استعمال کی جا سکتی ہیں۔ ریکی میں نہ صرف جسمانی بیماریوں کی وجہ جانے بغیر علاج کرنے کی صلاحیت ہے بلکہ ذہنی سطح پر بھی انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کا دائرہ کار محض جسم کے علاج تک محدود نہیں ہے۔ جو لوگ بظاہر بیمار نہیں ہوتے وہ بھی نہ صرف حفظِ ما تقدم کے طور بیماریوں کی روک تھام کے لئے استعمال کر سکتے ہیں بلکہ پُرسکون رہنے اور اپنی ذہنی استعداد میں اضافے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے باقائدہ استعمال سے انسان زیادہ پُر اعتماد اور ذہنی طور پر مزید سلجھ جاتا ہے۔ باقائدہ استعمال سے بہت سے ایسے معاملات میں بھی بہتری آجاتی ہے جن کا بعض اوقات انسان کو شعوری طور پر علم بھی نہیں ہوتا۔

ریکی کی ایک بہت بڑی خصوصیت یہ ہے کہ ایک بار اسے استعمال کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی جائے تو یہ استعمال کے لئے ہر وقت دستیاب رہتی ہے اور وہ بھی زندگی بھرکے لئے۔ یہ ایک ایسی صلاحیت ہے جسے کہیں بھی اور کسی بھی وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ گھر بیٹھے بیٹھے اپنی اور گھر والوں کی بہتری کے لئے ریکی سے بھرپور فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔ یہ تمام فوائد ایسے ہیں جو ریکی کو تمام سطحوں یعنی جسمانی، ذہنی اور روحانی سطح پر ذاتی
ارتقأ کے لئے آئیڈیل طریقے کا درجہ دیتے ہیں۔

Health and Happiness!
Muhammad Akram Khan, Reiki Master/Teacher