Reiki for health care and well-being, Reiki training classes in Urdu and English, Reiki Master/Teacher Muhammad Akram Khan in Lahore, Pakistan
 

ریکی اور مائنڈ پاور کا فرق

بہت سے خواتین و حضرات مجھ سے ریکی اور مائنڈ پاور کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ کیا یہ ایک ہی چیز ہے؟ اس مضمون کا مقصد ان دونوں کے فرق کی وضاحت کر نا ہے۔  اُمید ہے اسے پڑھنے کے بعد ریکی اور مائنڈ پاور کے فرق کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے گا۔

مائنڈ پاور کے الفاظ کو اگر عام اصطلاح کے طور پر دیکھا جائے تو اس میں بہت کچھ مثلاً ٹیلی پیتھی اور ہپناٹزم وغیرہ بھی آتے ہیں مگر اس مضمون میں اس سے مراد لاشعور کی قوت کا استعمال ہے جس پر دُنیا میں بہت سی کتابیں بھی لکھی جا چکی ہیں۔ بنیادی طور پر ریکی اور لاشعور کی قوت کے استعمال کا مقصد ایک ہی ہے یعنی ذاتی ارتقاء لیکن دونوں کے کام کرنے کی بنیاد ایک نہیں ہے اور ایک دوسرے سے خاصی مختلف ہے۔ مختصراً یوں سمجھ لیں کہ جیسے ہومیوپیتھی، ایلو پیتھی اور حکمت وغیرہ کا بنیادی مقصد ایک ہی ہے یعنی بیماریوں کا علاج مگر ان کی کام کرنے کی بنیاد ایک جیسی نہیں ہے۔ ان سب کی ادویات اور فلسفہ ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔ تقریباً یہی صورت ریکی اور مائنڈ پاور کی ہے۔ تکنیکی اعتبار سے یہ نہ صرف ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں بلکہ ان کے مقاصد میں بھی فرق ہو سکتا ہے۔ دونوں کے طریقہ کار اور تکنیک کے فرق کی وضاحت کے لئے خاصے طویل مضمون کی ضرورت ہے۔ یہاں چونکہ طوالت کی گنجائش نہیں ہے اس لئے چند بُنیادی فرق درجِ ذیل ہیں۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، مائنڈ پاور کی تکنیک استعمال کرنے کے لئے شعوریا لاشعور کی قوت استعمال کی جاتی ہے جبکہ ریکی میں لا شعور کی قوت استعمال نہیں کی جاتی۔

ریکی کا مقصد کسی کا ذہن کنٹرول کرنا نہیں ہے اور نہ ہی اس سے ایسا کیا جا سکتا ہے۔ ریکی کو منفی مقاصد کے لئے استعمال کیا ہی نہیں جا سکتا۔

ریکی کی طرح لاشعور کی قوت استعمال کرنے کا طریقہ بھی سیکھنا پڑتا ہے مگر اس کے لئے ریکی کی طرح اٹیونمنٹ لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کوئی کسی ٹیچر سے سیکھنے کی بجائے اپنے طور پر سیکھنا چاہے تو بالکل سیکھ سکتا ہے جس کے لئے کتابوں سے رہنمائی لی جا سکتی ہے لیکن ریکی محض کتابوں سے نہیں سیکھی جا سکتی۔ مائنڈ پاور کا استعمال ایسے خواتین و حضرات بھی سیکھ سکتے ہیں جنہوں نے ریکی کا بھلے نام بھی کبھی نہ سنا ہو۔

اکثر اوقات لاشعور کی قوت کے استعمال کے لئے خاصی پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ریکی میں ایسا نہیں ہے، اسے اٹیونمنٹ لینے کے فوراً بعد کہیں اور کسی بھی وقت آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مذید پڑھنا چاہیں تو یہ صفحات دیکھیں: ریکی کیا ہے؟ شعور اور لاشعور  یہ مضمون انگلش میں ہے

اگر آپ کو یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کے ساتھ شیئر کیجئے