Reiki for health care and well-being, Reiki training classes in Urdu and English, Reiki Master/Teacher Muhammad Akram Khan in Lahore, Pakistan
 

کیا ریکی تمام بیماریوں کا علاج کر سکتی ہے؟

سوال: کہا جاتا ہے کہ ریکی سے تمام بیماریاں ٹھیک ہو جاتی ہے۔ کیا واقعی ایسا ہے؟

جواب: اس سوال کا جواب سمجھنے کے لئے ریکی کو درست طور پر سمجھا جانا چاہئے۔ ریکی ایک قدرتی توانائی ہے اور دیگر توانائیوں کی طرح اللہ تعالیٰ کی تخلیق کردہ ہے۔ اس میں گو کہ بیماریوں کے علاج کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے تاہم یہ بھی تمام دیگر توانائیوں کی طرح قدرت کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق ہی کام کرتی ہے اور کسی بھی صورت میں ان کی خلاف ورزی نہیں کرتی۔

کسی بیماری کے ٹھیک ہونے یا نہ ہونے کا انحصار نہ صرف طریقہ علاج بلکہ اور بھی بہت سے عوامل پر ہوتا ہے جن میں بیماری کی نوعیت اور شدّت کا بہت زیادہ عمل دخل ہوتا ہے۔ بہت سی بیماریوں کے علاج کے لئے گو کہ ریکی ایک نہائیت مؤثر طریقہ علاج ہے تاہم یہ کوئی گارنٹی وغیرہ نہیں ہے۔ گارنٹی تو کوئی طریقہ علاج بھی نہیں دیتا۔ ویسے بھی ہر بیماری اور تکلیف کا علاج ممکن نہیں ہوتا۔  کئی جان لیوا بیماریاں جب آخری درجے تک پہنچ جاتی ہیں تو ان کا علاج اگر ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں ریکی کام تو یقیناً کرتی ہے مگر فوری بہتری کی توقع کرنا خلافِ حقیقت ہوتا ہے۔ اگر دورانِ علاج مریض کی زندگی پوری ہو جائے تو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ریکی فیل ہو گئی۔ ظاہر ہے کہ ریکی سے یا کسی بھی دوسرے طریقہ علاج سے کسی کی زندگی میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ قدرت کا قانون ہے کہ جب انسان کا آخری وقت آجاتا ہے تو علاج کے تمام طریقے اور تمام ادویات کام کرنا بند کر دیتی ہیں۔ ریکی بھی اسی قانون پر عمل کرتی ہے۔

بنیادی طور پر ریکی کا مقصد شخصی بہتری اور ارتقأ ہے۔ بطور ایک طریقہ علاج اسے متبادل نہیں بلکہ ایک معاون طریقہ سمجھا جانا چاہئے اور جہاں جو طریقہ زیادہ سودمند ہو وہ استعمال کرنا چاہئے مثلاً کسی حادثے کی صورت میں ریکی کی نہیں بلکہ فوری سرجری کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ ریکی اس کے بعد استعمال کی جا سکتی ہے جو نہ صرف زخموں کو نسبتاً جلدی مندمل کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ مجموعی طور پر مریض کی صحت پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتی ہے اور صحت یابی کی رفتار میں بھی خاطرخواہ اضافہ کرتی ہے۔

اگر ریکی کو درست طور پر سمجھ لیا جائے اور غیر حقیقی توقعات وابستہ نہ کی جائیں تو ریکی سے صحت کے حوالے سے یقیناً بہت سے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اگر آپ کو یہ مضمون پسند آئے تو دوستوں کے ساتھ شیئر کیجئے